ہیلی کاپٹر حادثہ،صدر،وزیراعظم اور وزیرخارجہ کا اظہارافسوس

صدرڈاکٹرعارف علوی،وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی سمیت آرمی کے 6 افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کیلئے اظہار افسوس کیا ہے۔

صدرمملکت نے فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر رنج وغم کا اظہار بھی کیا اور شہداء کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد،کمانڈر انجینئر 12 کور بریگیڈیئر خالد، پائلٹ میجر سعید، کوپائلٹ میجر طلحہ اور کریو چیف نائک مدثر شہید کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں جنہوں نے اپنی جانیں سیلاب میں گھرے اپنے ہم وطنوں کی جانیں بچانے کے لئے وار دیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ان کے ساتھی انسانیت کی خدمت اور فرض کی بجا آوری کی روشن مثال بنے ہیں۔

وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی کو ایک بہترین پروفیشنل، فرض شناس اور قابل افسر قرار دیتے ہوئے انھیں انتہائی ایماندار اور اچھا انسان کہا۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ پوری قوم اس حادثے پر انتہائی مغموم اور افسردہ ہے،شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں اورپوری قوم شہدا کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران و سپاہی کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی، بریگیڈئیر امجد حنیف اور بریگیڈئیر محمد خالد کے لواحقین سے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

وزیرخارجہ نےمیجر سعید احمد، میجر طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض کی شہادت پر بھی لواحقین سے بھی تعزیت کا اظہارکیا۔

انھوں نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک فوج کے بہادر افسران اور سپاہی کی شہادت کی خبر سن کر سخت صدمہ ہوا،فوج کے افسران اور سپاہی نے امدادی سرگرمیوں کے فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں