ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ میں مختلف فصلات کے پیداواری منصوبہ جات2022-23کی منظوری کیلئے اجلاس کا انعقاد

ملتان  پاکستان کی معیشت کا زیادہ تر انحصار زراعت پر ہے اور زراعت میں تقریباً لائیو سٹاک کا حصہ 55فیصدہے۔ دودھ کی پیداوارمیں اضافہ اور جانوروں کو فربہ کرنے میں غذائیت سے بھر پور چارہ جات کی فراہمی بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔ جانوروں کو ربیع سیزن میں چاروں کی معیاری اقسام کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنانے کے لیے اعلی پیداواری صلاحیت کی حامل نئی اقسام کے بیجوں کی بروقت فراہمی سمیت دیگر ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔ ربیع سیزن میں سبز چارہ جات میں کمی کی بنیادی وجہ کاشتکاروں کی سبز چارہ کی ترقی دادہ اقسام کے بیج اور جدیدپیداواری ٹیکنالوجی سے عدم مداخلت ہے۔ محکمہ زراعت کے مختلف شعبہ جات جدید ٹیکنالوجی کی کاشتکاروں کو منتقلی یقینی بنانے کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کریں اور لائیو سٹاک کے کسانوں کو ضروری سبسڈی فراہم کی جائے تاکہ دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرح چارہ کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل زراعت (فارم اینڈ ٹریننگ) پنجاب ڈاکٹر اشتیاق حسین نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں پیداواری منصوبہ جات برائے ربیع چارہ جات  2022-23کی منظوری بارے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مختلف زرعی شعبہ جات کے ماہرین نے شرکت کی۔ڈاکٹر اشتیاق حسین نے بتایا کہ اڈاپٹیو ریسرچ پنجاب کے فیلڈایریا میں کئے گئے تجربات سے ثابت ہوا کہ اگر ہم زمین کا صحیح انتخاب وتیاری، اچھا بیج، مناسب اور متناسب کھادوں کا استعمال، بروقت کاشت، برداشت اور دیگر زرعی عوامل اور ماہرین کی سفارشات پر عمل کریں تو چارہ جات کی فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ کرسکتے ہیں۔سینئر سائنٹسٹ ڈاکٹر امتیاز نیازی نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ چارہ کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے برسیم، جئی، لوسرن، رائی اور بہاریہ مکئی کی برقت کاشت، ضررساں کیڑوں اور بیماریوں سے تحفظ ضروری ہے۔ اجلاس میں چند ضروری ترامیم کے بعدبرسیم، جئی، لوسرن، رائی اور بہاریہ مکئی کے پیداواری منصوبہ جات برائے ربیع سیزن 2022-23کی منظوری دی گئی۔ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں پیداواری منصوبہ جات کی منظوری کے بعد یہ جدید زرعی تحقیق کو کاشتکاروں تک پہنچایا جاتا ہے تاکہ کاشتکاروں کی فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔
0-0-0-0-0

اپنا تبصرہ بھیجیں