پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ فائنل کھیلنے کے امکانات کو بڑا دھچکا

لاہور (تازہ ترین اخبار ۔ 28 جولائی 2022ء ) پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات بڑا دھچکا لگ گیا۔ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 246 رنز کی ہار سے قومی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری سے 5ویں پوزیشن پر چلی گئی۔ پاکستان کے پاس جیت کی صورت میں دوسری پوزیشن پر پہنچنے کے قوی امکانات تھے جو کہ معدوم ہوگئے ہیں۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں سری لنکا نے آسٹریلیا اور پاکستان کے خلاف سیریز برابر کرکے تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقہ پہلے، آسٹریلیا دوسرے، سری لنکا تیسرے، بھارت چوتھے، پاکستان 5ویں، ویسٹ انڈیز چھٹے جب کہ انگلیںڈ کی ٹیم 7ویں نمبر پر قابض ہے۔ یاد رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 246 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز دوسرے سیشن تک قومی ٹیم سری لنکا کے خلاف محض 261 رنز بناسکی، کپتان بابراعظم نے 81 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم وہ میچ ڈرا کروانے میں ناکام رہے۔ گال ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر امام الحق جلد وکٹ گنوا بیٹھے انہوں نے 49 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان 37، فواد عالم 1 اور آغا سلمان 4، محمد نواز 12، یاسر شاہ 27، حسن علی 11 اور 18 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ دوسری جانب سری لنکا کی جانب سے پربت جے سوریا نے 5 اور رمیش مینڈس نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں